Arrange a Seminar at your Church 

 Invite Pastor Nadeem Massey 

info@calvarypakistan.com    massey@calvarypakistan.com

 

بحیرہ ِمُردار کے طومار

پچھلی صدی کے قریباً وسط میں قمران کی وادی کے پاس پہاڑوں میں پائے جانے والے غاروں کے اندر سے کچھ  طومار ملے۔ ایک عرصے تک اُنہیں بیکار خیال کیا جاتا رہا لیکن جب کچھ علماء نے اُن پر غور کیا تو اُنہیں معلوم ہوا کہ وہ یسوع سے بھی پہلے کے دور کے بائبلی کتب کی نقول ہیں۔ پس اُس علاقے میں علماء نے کھدائی کی، تحقیق کی اور بائبل مقدس کی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر بہت ساری دستاویزات ڈھونڈ نکالیں جو بائبل مقدس کی حقانیت کو بڑے موثر اور مدلل طریقے سے ثابت کرتی ہیں۔ اِس سیمینار کے وسیلے سے آپ بائبل مُقدس کی حقانیت کے متعلق پچھلی صدی کی سب سے بڑی دریافت کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ 

یسوع ایک حقیقی تاریخی شخصیت

گزشتہ چند صدیوں کے دوران بہت سارے نام نہاد علماء نے مختلف انداز سے مسیحیت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کبھی وہ نئے عہد نامے کی حقانیت پر سوال اُٹھاتے ہیں تو کبھی معجزات اور نئے عہد نامے کی تعلیمات کو جھوٹا قرار دیتے ہیں۔ ایک بہت بڑا گروہ ایسا بھی ہے جو یسوع کی ذات پر طرح طرح کے حملے کرتا رہتا ہے جیسے کہ یسوع مسیح کے الوہیت کے دعوؤں پر اعتراضات، اور اُسکی بشریت کے مختلف پہلوؤں پر بھی تنقید۔ بعض تو ایسے ہیں جو یہ ثابت کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ یسوع حقیقی تاریخی شخصیت تھا ہی نہیں بلکہ ایک افسانوی شخصیت ہے جس کی مسیحیت نے پرستش کرنا شروع کر دی ہے۔ مزید کچھ لوگوں نے یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ تاریخی یسوع مسیح اور انجیل میں بیان کردہ یسوع مسیح یکسر دو مختلف شخصیات ہیں۔ اُن کے مطابق اگر تاریخ میں یسوع مسیح نامی کوئی ہستی ہوگزری بھی ہے تو وہ بالکل عام انسانوں جیسا کوئی انسان تھا لیکن اناجیل میں جس یسوع کی بات کی گئی ہے وہ دیومالائی کردار ہے۔ اِس سیمینار کی مدد سے آپ یسوع مسیح کی ذات کے تاریخی پہلو کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ بائبل سے باہر عام تاریخ یسوع کے بارے میں کیا کہتی ہے اور اُسے کس طرح سے پیش کرتی ہے۔

مسیحی دفاعِ ایمان (اپولوجیٹکس) ۔

ہرایک مسیحی کے لئے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ وہ جن مسیحی عقائد کو اپنائے ہوئے ہے اور جن پر اُس کا کامل ایمان ہے اُس ایمان کی وجہ کیا ہے۔ پوری دُنیا میں مسیحیوں کو ہر دور میں اپنے ایمان کی بدولت مختلف چیلنجوں کا سامنا رہا ہےبہت سارے موقعوں پر وہ اپنے مسیحی ایمان پر اُٹھائے جانے والے سوالات اور اعتراضات کا جواب نہ دینے پانے کی بدولت ندامت اور شرمندگی کا سامنا کرتے ہیں اور کئی دفعہ تو وہ اپنے مسیحی ہونے کی بدولت شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ کلامِ مُقدس ہمیں یہ حکم دیتا ہے کہ ہمیں اُس اُمید کی وجہ کو بیان کرنے کے لئے ہر وقت مستعد رہنا چاہیے جو ہم میں ہے۔ ہمیں اِس قابل ہونا چاہیے کہ اپنے لوگوں کو اچھے طریقے سے مسیحی عقائد کے بارے میں تعلیم دے سکیں اور اِس کے ساتھ ساتھ مخالفوں کو قائل بھی کر سکیں۔ مسیحی دفاعِ ایمان (اپولوجیٹکس ) ایک ایسا علم ہے جو ایسا کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو اُس انداز سے سکھانے کی ضرورت ہے جو موجودہ دُنیا کی تنقید اور اعتراضات کا مناسب جواب دینے میں اُن کی مدد کرے اور اِس کے ساتھ ساتھ اُن کے اپنے ایمان میں  مضبوطی کا باعث ہو۔ مسیحی دفاعِ ایمان ایسا ہی ایک سیمینار ہے جو آپ کو اپنی اُمید کی وجہ بیان کرنے میں مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بہت بااعتماد مسیحی بنا سکتا ہے۔