بینی ہِن
از: جسٹن پیٹرز ترجمہ :این میسی
اہم کتابیں: گُڈ مورننگ ہولی سپرٹ ، ویلکم ہولی سپرٹ ، دی انائنٹنگ، رائزاینڈکی ہلڈ، دی میریکل آف بیلنگ ، دس از یور ڈے فار اے میریکل، دی بلڈ
پسِ منظر: توفیق بینی ڈکٹس” بینی ” 3 دسمبر 1952 کو(یافا) اسرائیل میں پیدا ہوا ۔1967 سے کچھ عرصہ بعد اُس کے خاندان نے ٹورینٹو، کینڈا میں نقل مکانی کی جہاں پر اُس نے جارجز وینئیر سکنڈری سکول میں تعلیم حاصل کرنا شروع کی ۔ بینی ہِن لکھتا ہےکہ ” جارجزوینئیر سکول میں جب میَں بڑی جماعتوں کا طالبعلم تھا تو زندگی میں دوسری دفعہ میری خُدا وندکیساتھ ملاقات ہوئی1۔سکول کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ 1972میں اُسکی ہائی سکول کی تعلیم مکمل نہیں ہوئی تھی اور اُس نے تعلیم مکمل کئے بغیر ہی پڑھائی چھوڑ دی تھی۔
بینی ہِن نے اپنی رُوحانی تبدیلی کے بارے میں مختلف متضاد اور تردیدی بیانات دئیے ہیں۔ 1981میں پریز دی لارڈ (پی ٹی ایل) نیٹ ورک کیطرف سے شائع ہونے والے ایک مذہبی دستاویز میں وہ کہتا ہے کہ “میری زندگی 1968 میں اسرائیل میں میَں تبدیل ہوئی 2” تاہم 1983 میں سینٹ لوئیس میں ایک کلیسیاءئی پیغام کے دوران اُس نے کہا کہ “جب میَں کینیڈا میں تھا تب میَں نے نئی پیدایش کا تجربہ حاصل کیا3” اپنی کتاب “گڈ مورننگ ہولی سپرٹ ” میں بینی ہِن بیان کرتا ہے کہ اُس نے نئی پیدائش کا تجربہ 1968 میں نہیں بلکہ فروری 1972 میں حاصل کیا4۔
بینی ہِن کے بیان کےکیتھرین کھلمان کے ایک کروسیڈ میں شرکت کے دوران اُسے خدمت کی بلاہٹ ہوئی۔ بینی ہِن کے مطابق اُس دوران سارے ہال میں شفائیہ معجزات وقوع پذیر ہونا شروع ہو گئے تھے ۔وہ کہتا ہے کہ “میَں کینیڈا واپس چلا گیا اور میَں نے اس سب کے بارے میں سوچا اور اپنے آپ سے کہا کہ میَں بھی یہ سب کچھ کرنے کی کوشش کرویگا 5۔”
اگرچہ بینی ہِن اپنی خدمت کے ابتدائی دور میں بہت سارے لوگوں سے متاثر تھا لیکن کیتھرین کھلمان(1907 تا 76) سے بڑھ کر اُسے کسی اور نے متاثر نہیں کیاتھا۔کھلمان مبیّنہ طور پر عبادات میں شفاءئیں دینے والی دُنیا کی سب سے زیادہ مشہور خاتون تھی6۔وہ اپنی میٹنگوں میں لوگوں کو رُوح میں ذبح کرتی (مبیّنہ طور پر رُوح کی قوت سے لوگوں کو پشت کے بل گراتی )اور حکمت کے کلام کا استعمال کرتی تھی اور بینی ہِن بھی نے اِن دونوں طریقوں کو بہت کثرت کے ساتھ استعمال کیا ہے۔ اِن دونوںشخصیات کےپہِناوے اورتکنیکوں میں حیرت انگیز ہم آہِنگی پائی جاتی ہے ۔ کھلمان اپنے سفید لباس کی بدولت جانی جاتی تھی اور بینی ہِن بھی اپنے سفید سوٹ کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اُس نے کھلمان کے انداز اور طرز کلام کی نہ صرف نقالی کی ہے بلکہ اُنہیں کمال تک پہِنچایا ہے۔ اگرچہ بینی ہِن مسز کھلمان کو اُسکی زندگی میں شخصی طور پر کبھی نہیں ملا تھا لیکن وہ کہتا ہے کہ ایک بار مسز کھلمان اُسکی حوصلہ افزائی کرنے اور خدمتی امور کے حوالے سے رہِنمائی کرنے کے لئے قبر سے باہر آکرملی تھی7۔ بینی ہِن ڈاکٹر اورل رابرٹس کا بہت بڑا مداح رہاہے اور ان دونوں میں بڑی گہری دوستی پائی جاتی تھی ۔
بینی ہِن اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ اس نے کہیں سے بھی باقاعدہ طور پر بائبلی تعلیم و تربیت حاصل نہیں کی لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ روح القدس خود اسکا روحانی استاد ہے ۔ بینی ہِن کہتا ہے کہ ایک دفعہ جب وہ روح القدس کی رفاقت سے محظوظ ہو رہا تھا اور روح القدس سے سیکھ رہا تھا تو کسی نے اُسے رات کے کھانے کے لیے آواز دی ۔ وہ بیان کرتا ہے کہ “جب میَں اُٹھنے لگا تو میَں نے محسوس کیا کہ کسی نے میرا ہاتھ پکڑ لیا اور مجھ سے کہہ رہا ہے کہ پانچ منٹ اور۔ صرف پانچ منٹ مزید میرے ساتھ بیٹھو۔ رُوح القدس خود مجھ سے رفاقت کا آرزومند تھا8 ۔اُس کے دعوے کے مطابق اُس وقت اُس پر روح القدس کااِس قدر زیادہ مسّح تھا کہ دوسرے لوگ اُس کے سامنے اپنے قدموں پر کھڑے نہ ہو پاتے تھے9۔
بیس سال کی عمر کے بعد بینی ہِن فلوریڈا چلا گیا اور وہاں اس نے ایک مقامی پاسبان کی بیٹی سے شادی کرلی۔ 1983میں اُس نے اورلینڈو، فلوریڈا میں ایک چرچ کی بنیاد رکھی جسکا نام اورلینڈو کرسچن سنٹر رکھا گیا۔ 1980کی دہائی کے آخر تک وہ ملکی سطح پر ایک بہت ہی مقبول و مطلوب خطیب بن گیا اور اُس نے مختلف مقامات پر اپنے کرشماتی کروسیڈز منعقد کروائے ۔ اُس کا سب سے پہلا قومی سطح پر ٹیلی وژن پر نشر ہونے والا معجزاتی کروسیڈ 1989 میں فلنٹ ایم آئی کے مقام پر ہوا۔اُس کا ٹیلی وژن پروگرام “دِس از یور ڈے” 1990 میں نشر ہونا شروع ہو گیا۔ اپنے اس پروگرام میں بینی ہِن کی طرف سے کچھ ایسی ویڈیوز دکھائی گئیں جن میں کچھ لوگوں نےبینی ہِن کے کروسیڈ زکی بدولت جسمانی شفاء پانے کا دعویٰ کیا۔ اپنے پروگرام میں بینی ہِن مبیّنہ طور پر شفاء پا لینے والے لوگوں کی چھوڑی ہوئی بیساکھیاں اور وہیل چیرز دکھایا کرتا تھا۔ اِس کے بعد وہ اُسکی شہرت ہر طرف پھیل گئی اور پھر جلد ہی اس نے ساری دنیا میں مختلف مقامات پر بڑے پیمانےپر باقاعدہ طورپر معجزاتی کروسیڈز منعقد کرواناشروع کردیئے۔
بینی ہِن نے 1999 میں اور لینڈو کرسچن سنٹر کے پاسڑ کی حیثیت سے استعفیٰ دےدیا اور اُس نے اپنے ہیڈ کواٹر کو ٹیکساس کے علاقے گریپ وائن منتقل کر لیا۔اُس کا ٹیلی وژن پروگرام “دس از یور ڈے ” دنیا کے دو سو سے زائد ممالک میں دیکھا جاتا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اُس کی منسٹری کی سالانہ آمدن 200 ملین ڈالر زیادہ ہے 10۔ بینی ہِن اور اس کی بیوی سوزین منسٹری کی طرف سے ملنے والی ہ رہاِئش گاہ میں رہتے ہیں جسکی قیمت تقریباً 10 ملین ڈالر ہے ۔
بینی ہِن کے بہت سے دعوؤں ، تعلیمات اور حرکات کو شدید قسم کی تنقید اور جانچ پڑ تال کا سامنا ہے۔ جیسے کہ اُس نے دعوی ٰ کیا ہے کہ اُس نے اپنی آنکھوں سے ایک شخص کو سانپ بنتے ہوئے دیکھا اور اِس بات کے ثبوت کے طور پر اُس کے پاس اِس واقعے کی ویڈیو بھی موجود ہے، مزید یہ کہ اُس نے ایک دفعہ تقریباً پورے ہسپتال کے مریضوں کو مکمل شفاء دے دی تھی11۔ وہ اِس بات کا بھی دعویدار ہے کہ اُس نے اپنی آنکھوں سے یسوع کو دیکھا ہے،اور اُس کے پاس ایک ایسی ویڈیو ہے جس میں یسوع اُسکی میٹنگ کے دوران چل پھر رہا تھا، مزید یہ کہ اُس کے پاس ایک ایسی ویڈیوبھی ہے جس میں اُس کے چرچ کی دیوار پر یسوع کا چہرہ نمودار ہوا اور اُس نے کلام کیا۔ بینی ہِن کے یہ سارے دعوے یا تو غلط ثابت ہوئے ہیں یا پھر بعد میں وہ اپنے ان دعوؤں سے مکر چکا ہے12۔
بینی ہِن کا بڑا ترین متنازع دعویٰ یہ ہے کہ اُس کے وسیلے لاکھوں لوگوں نے جسمانی شفاء پائی ہے۔ وہ بیان کرتا ہے کہ شفاء پانے کا دعویٰ کرنے والے لوگوں کی پانچ مراحل میں پیروی کی جاتی ہےاور اُس کےپاس شفاء پانے والے سب لوگوں کی مکمل شفاء یابی کی میڈیکل تصدیق موجود ہے13۔
(اِس پروفائل کے )مصنف کے علم اور تحقیق کے مطابق ایسی کوئی دستاویز، ریکارڈ یا ثبوت موجود نہیں ہے جس سے ثابت ہوتا ہو کہ کسی ایک شخص نے بھی بینی ہِن کے کروسیڈ میں جسمانی اعضاء کی بحالی جیسی شفاء پائی ہو14۔
عقائد وتعلیمات
چونکہ بینی ہِن بہت سی مختلف شخصیات اور نظریا ت سے متاثر ہوا تھا، اسلئے اُس کے عقائد کی زمرہ بندی کرنا قدرے مشکل ہے ۔ حالیہ طور پر بینی ہِن نے انجیل کی بشارت پر کافی زیادہ زور دیا ہےپس اصطلاحی لحاظ سے وہ مبشر کہلانے کا اہل بنتا ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے بینی ہِن نے انجیل مقدس کی منادی پر بڑا زور دیا ہے جس سے تکنیکی طور پر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بینی ہِن بہت بڑا مبشر ِ انجیل ہے ۔وہ کرشماتی مظاہر اور رُوح القدس کی تمام نعمتوں کے ہر دور میں تسلسل پر بھی ایمان رکھتا ہے۔ بہر حال جب اُس کے تمام عقائد کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو اُس کا علمِ الہیات(تھیولوجی)ورڈ فیتھ موومنٹ(ڈبلیو ایف موومنٹ) کی صف میں آتا ہے15۔ ڈبلیو ایف موومنٹ میں (جسے عام طور پر صحت، دولت اور خوشحالی کی انجیل، کسی چیز کانام لیکر اُسکی ملکیت کا دعویٰ کرنے کی انجیل کے طور پر بھی جانا جاتا ہے ) اور کئی نامور لوگ شامل ہیں جن میں سے چند ایک کینتھ اور گلوریاہ کوُ پلینڈ ، کریفلوڈالر ؛جیسی ڈوپلین ٹس ؛ پاؤلا وائٹ اور جوئیس مائیرہیں۔
یسوع کی روحانی موت : اِس عقیدے کے مطابق انسان کے گناہوں کےکفارے کے لئے یسوع کی صلیب پر جسمانی موت نا کافی تھی۔ اِس لئے اُس کی رُوحانی موت بھی ضروری تھی۔ اِس عقیدے کے ماننے والوں کے مطابق یسوع نے بہت اذیتیں اُٹھائیں، وہ رُوحانی طور پر مر گیا، اُسے جہنم میں بھیج دیا گیا جہاں پراُس پر ابلیس نےبھر پور تشدد کیا اور پھر وہ نئے سرے سے پیدا ہوا16۔ بینی ہِن اِس حوالے سے کہتا ہے کہ”اُس نے ( یسوع نے) شیطان کی فطرت کو اپنایا (یعنی وہ شیطان کی فطرت میں ڈھل گیا) تاکہ وہ لوگ جن میں ابلیس کی فطرت پائی جاتی ہے وہ الہیٰ فطرت کے حصہ دار ٹھہر سکیں17۔
مثبت اقرار : اِس عقیدے کے مطابق زبان سے ادا کئے جانے والے الفاظ در اصل ایسے ظروف ہیں جن میں ایمان کے جواہر سمائے ہوتے ہیں، (جیسا کہ اِس تحریک کا نام یعنی “ورڈ فیتھ: کلام و ایمان ” ظاہر کرتا ہے)18، اِس لئے ایمان اپنی زبان سے کسی بھی چیز کا نام لیکر اُسے وجود میں لانے کی طاقت رکھتا ہے۔ بینی ہِن کہتا ہے کہ اُس نے یہ ہنر (اصول) ایک جادوگرنی (ڈائن ) سے سیکھا تھا جس نے بینی ہِن کو بتایا تھا کہ وہ اپنے الفاظ کی قدرت سے انسانوں پر بیماریاں لاسکتی اور پرندوں کو مار سکتی تھی19۔ بینی ہِن نے اپنے ایک ٹیلی وژن پروگرام میں کہا تھا کہ
میَں یہ جانتا ہوں، جانتا ہوں اور جانتا ہوں کہ جیسے جیسے میرے پروگرام ٹیلی وژن پر نشر ہو رہے ہیں۔ میَں اپنے منہ کے کلام کی قدرت سے چیزوں کو تخلیق کر رہا ہوں20۔
چھوٹے خداؤں کا عقیدہ: ڈبلیو ایف موومنٹ کی تعلیمات یہ ہیں کہ آدم (ہر ایک بات میں) ہو بہو خُدا کی شبیہ پر تخلیق کیا گیا تھا21۔ اِس نظریے کی دلیل کے طور پر پیدایش 1باب26تا27آیات کو پیش کیا جاتا ہے جہاں پر مرقوم ہے کہ خُدا نے انسان کو اپنی صورت پر اپنی شبیہ کی مانند بنایا۔ڈبلیو ایف موومنٹ کا پرچار کرنے والے چھوٹے خداؤں کے عقیدے کی بنیاد پر ہی صحت اور دولت کے پرچار کے عقیدے سے مضبوطی کیساتھ چمٹے ہوئے ہیں۔ اُن کے مطابق ایماندار چھوٹے خُدا ہیں اور خُدا کبھی بھی نہ تو غریب ہو سکتا ہے اور نہ ہی بیمار۔ بینی ہِن اپنی خدمت میں ایک لمبے عرصے تک بڑے جوش و خروش سے اِس عقیدے کا پرچار کرتا رہا ہے لیکن حالیہ طور پر اُس نے زور دینا چھوڑ دیا ہے22۔
الہیٰ مکاشفاتی علم: اِس عقیدے کے مطابق خُدا اپنی ذات اور اپنےمنصوبوں کے بارے میں آج بھی بائبل مقُدس سے ہٹ کر اضافی مکاشفات دے رہا ہے۔ ۔بینی ہِن نے بائبل سے ہٹ کر اضافی مکاشفات حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ تعلیم دی ہے کہ بنیادی طور پر عورتوں کو اِس طرح سے تخلیق کیا گیا تھا کہ وہ اپنے پہلو میں سے بچّوں کو جنم دے سکیں23،اور یہ کہ جب ایماندار پاک شراکت میں شریک ہوتے ہیں تو یسوع کی حقیقی ذات میں حصہ دار بنتے ہیں24، اور مزید یہ کہ خُدا کی ذات میں تین نہیں بلکہ 9 اقنوم ہیں25۔ عام طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ لوگوں کو مختلف بیماریوں سے شفاء کے لئے آگے آنے کو پکارتا ہے تو وہ یوں ظاہر کرتا ہے کہ جیسے اُسے اُن کے بارے میں الہام ہو رہا ہے26۔ بینی ہِن نے 1999میں یہ دعویٰ کیا کہ خُدا نے اُسے عالمگیر سطح پر شفاء دینے کے لئے “ورلڈہیلنگ سنٹر” کے نام سے ایک عمارت تعمیر کرنے کو کہا ہے۔30 ملین ڈالر کی لاگت کے اِس منصوبے کے لئے فنڈز اکٹھے کئے گئے اور اِس کی تعمیر کا کام فوری شروع ہونا تھا۔ لیکن فروری 2000 میں خُدا نے بظاہر اپنا ذہن تبدیل کر لیا اور بینی ہِن کو بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے لئے وہ وقت موزوں نہیں ہے اور اُسے مزید انتظار کرنا چاہیے27۔ آج تک اِس منصوبے کی بنیاد تک نہیں رکھی گئی۔
نبوّت : اپنی خدمت میں کئی سالوں پر محیط عرصے کے دوران خُدا کی طرف سے خاص الہام کا دعویٰ کرتے ہوئے بینی ہِن نے بے شمار نبوّتیں پیش کی ہیں۔ 19 اکتوبر 1999 کو اُس نے نبوّت کی تھی کہ بہت جلد لوگ ہزاروں کی تعداد میں اپنے وفات پا جانے والے عزیزوں کے مرُدہ جسم ٹیلی وژن کے سامنے رکھ کر ٹی بی این چینل (ٹرینٹی بروڈکاسٹ نیٹ ورک ) لگائیں گے اور مرُدے زندہ ہو جایا کریں گے28۔ایک بار اُس نے یہ نبوّت بھی کی تھی کہ 2003تک نائجیریامیں ایک بھی مسلمان باقی نہیں رہےگا29۔بینی ہِن کی سب سے زیادہ مشہور نبوّتیں31 دسمبر 1989 میں ریکارڈکی گئیں ۔ وہ کہتا ہےکہ وہ بے خودی کی کیفیت میں چلاگیا جس میں خدا نے اسے 1990 کی دہائی میں ہونے والے بڑے واقعات کے بارے میں نبوّتیں دیں ۔ اُن میں سے چندایک پیشنگوئیاں یہ تھیں کہ امریکہ کا مشرقی ساحلی علاقہ زلزلوں کی بدولت تباہ و برباد ہو جائے گا، ایک خاتون امریکی صدر منتخب ہو کر وائٹ ہاؤس میں آئے گی، امریکہ کی معیشت برُی طرح سے تباہ ہو جائے گی ، کیوبا کا سیاستدان فائیڈل کیسٹرو مر جائیگا ، مخالف مسیح ایک چھوٹے قد کے شخص کی صورت میں ظاہر ہو جائے گا،اور خُداامریکہ میں موجود ہم جنس پرستوں کی کمیونٹی کو آگ کے ساتھ تباہ کر دیگا30۔
شفاء: بلاشبہ بینی ہِن جسمانی شفاء کی نعمت کے حوالے سے سب سے زیادہ جانا جاتا ہے۔ ڈبلیو ایف تھیولوجی کے باقی سب حامیوں کی طرح بینی ہِن یہ تعلیم دیتا ہے کہ کسی بھی شخص کے لئے خُدا کی ہمیشہ ہی یہ مرضی ہوتی ہے کہ وہ جسمانی طور پر مکمل شفاء پائے شرط یہ ہے کہ اُس شفاءء کے لحاظ سے اُس شخص میں اُتنا ایمان ہونا چاہیے۔بینی ہِن کہتا ہے کہ ” خدا سب کو بیماریوں سے شفاء دینے کا وعدہ کرتا ہے ، ہر ایک کو ۔۔۔ خواہ وہ کوئی بھی ہو یا کہیں بھی ہو ۔۔۔وہ ہماری ہر بیماری ہمیں سے شفاء دیتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نہ سر کا درد ، نہ نتھنوں اور سانس کا مسئلہ حتٰی کہ دانت کا درد ، کچھ بھی ایسا نہیں جو آپ کے آڑے آ سکے۔ خُدا آپکو تمام بیماریوں سے شفاء دیتا ہے31۔
بینی ہِن کی تعلیمات جسمانی شفاء کی ضمانت پر مبنی ہے اور اِس کی بنیاد وہ اِس عقیدے کو بناتا ہے کہ یسوع نے ہمارے گناہوں کا کفارے دیتے ہوئے ہماری جسمانی شفاء کی بھی قیمت ادا کر دی ہے۔ ڈبلیو ایف موومنٹ کا پرچار کرنے والے اپنی تعلیمات کی پشت پناہی کے لئے یسعیاہ 35 باب 5 آیت کو پیش کرتے ہیں۔ بینی ہن نے 2007 میں کہا تھا کہ
حالانکہ وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کیا گیا اور ہماری بدکرداری کے باعث کچلا گیا ۔ ہماری ہی سلامتی کےلیے اُس پر سیا ست ہوئی ۔ یہ بالکل ٹھیک ہے لیکن یہ صلیب کا ایک پہلوہے ۔ میَں یہاں پر اس لیے آیا ہوں تاکہ آپ کو یاد دِلاسکوں کہ اِس کا ایک اور پہلوبھی ہےکہ — اُس کے مار کھانے سے ہم نے شفاء پائی ہے! یہ بالکل حقیقت ہے اور یہ ہی بائبل مقدس کی تعلیم ہے ! —-آسمان کی بادشاہی کی انجیل درحقیقت نجات کی خوشخبری اور جسمانی شفاء کی خوشخبری ہے۔ اور یہ تمام کی تمام ایک انجیل ہے ۔۔۔اگر ہم یسوع مسیح کی کلیسیاء کو صرف آدھا پیغام دیتے ہیں تو ہم 50 فیصد خوشخبر ی چرا لیتے ہیں اور کلیسیا کو اُس سے محروم کر رہے ہوتے ہیں32۔
بینی ہِن تعلیم دیتا ہے کہ کسی بھی شخص کواپنی جسمانی شفاء کے بارے میں کبھی بھی یہ شک نہیں ہونا چاہیے کہ اگر خُدا کو منظور ہوا تو وہ شفاء پائیں گے، بلکہ اُنہیں یہ سوچنا چاہیے کہ وہ کب شفاء پائیں گے۔وہ کہتا ہے کہ ” کبھی خدا کے حضور جا کر یہ نہ کہیں کہ اگر یہ تیری مرضی ہو تو ۔۔۔، ایسے ایمان کو تباہ کرنے والے الفاظ کو اپنی زبان پر نہ آنے دیں33۔ بینی ہِن نے2003 میں ایک موقعے پر یہ تعلیم دی کہ ” اگر آپ وہاں بیٹھ کر یہ کہیں گے کہ پتا نہیں مجھے شفاء ملے گی یا نہیں تو سمجھ لیں کہ آپ نے اُسی وقت اپنی شفاء کو کھو دیا ہے34۔ “
بائبل مقُدس کی تعلیمات اور جوابات
ہمارے لئے یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ جھوٹے اُستاد جو بھی تعلیم دیتے ہیں اُس میں و ہ کچھ سچائی ضرور پیش کررہے ہوتے ہیں تاکہ اُن کی جھوٹی تعلیم لوگوں کو عجیب یا اجنبی نہ لگے۔ کلام مقُدس میں بیان کیا گیا ہے کہ “شیطان بھی اپنے آپ کو نورانی فرشتہ کا ہمشکل بنا لیتا ہے۔” (2کرنتھیوں 11 باب 14 آیت)، اور جھوٹے نبی اور جھوٹے اُستاد “پوشیدہ طور پر ہلاک کرنے والی بدعتیں نکالیں گے۔” (2پطرس 2 باب 1تا 3 آیات)۔جھوٹے اُستادوں کی تعلیمات میں کچھ سچائی ضرور ہوگی جس میں وہ جھوٹی، غلط اور بدعتی تعلیم کی آمیزش کر کے لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہیں۔دیگر مذاہب کی تعلیمات کے حوالےسے سچے مسیحی با آسانی یہ نمایاں بنیادی فرق کو پہچان سکتے ہیں۔ لیکن یہ ممکن ہے کہ اِس پروفائل میں بیان کیے جانے والے جھوٹے عقائد کو لوگ بے دھیانی میں نظر انداز کردیں کیونکہ وہ دیکھتے ہیں کہ ڈبلیو ایف تھیولوجی کے حامی کئی باتوں میں اُن کے عقائد جیسے کہ مسیح کی الوہیت، تثلیت اور مسیح کی کنوار ی سے پیدایش پر مکمل طور پر متفق ہیں۔ نتیجتاًبہت سارے مسیحی اِن انتہائی خطرناک تعلیمات کو جنہیں اصل میں رد کیا جانا چاہیے، قبول کر لیتے ہیں۔
یسوع مسیح کی روحانی موت: یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلے نجات پانے کے متعلق بینی ہِن کی تعلیمات درست ہیں اور یہ بالکل ممکن ہے کہ اُس کے منہ سے نجات کی خوشخبری کا پیغام سن کر کوئی بھی یسوع پر ایمان لا کر نجات پا سکتا ہے ۔ تاہم یسوع مسیح کی رُوحانی موت کا تصور یا عقیدہ بالکل بدعتی ہے اور بینی ہِن نے اِس کی تعلیم دینا جاری رکھا ہوا ہے۔اگر یسوع رُوحانی طور پر مر گیا تھا تو اِس کا مطلب ہے کہ اُسکی الوہیت ختم ہو گئی تھی۔ اور اگر اُسکی الوہیت کے ایک لمحے کے لئے بھی ختم ہونے کا امکان ہو تو کوئی بھی اُس کا منطقی نتیجہ یہی اخذ کر سکتا ہے کہ وہ سرے سے خُدا تھا ہی نہیں۔کلامِ مقُدس کے مطابق وہ لاتبدیل اور یکساں ہے (عبرانیوں 13 باب 8 آیت)۔ بائبل مقُدس کی تعلیم اِس لحاظ سے بالکل واضح ہے کہ گناہوں سے ہماری مخلصی یسوع کی صلیب پرجسمانی موت کے وسیلے ہوئی تھی(1پطرس 3 باب 18آیت؛ رومیوں 5 باب 9 آیت؛ افسیوں 1 باب 7 آیت)۔ یسوع مسیح کے وسیلے ہماری نجات کا کام صلیب پر مکمل ہوا نہ کہ جہنم میں۔
مثبت اقرار: ایمان حقیقی معنوں میں کسی اصل مادی یا ٹھوس شے کا نام نہیں ہے۔ اپنے منہ کے کلام سے چیزوں کو تخلیق کرنے کی قدرت صرف اور صرف خُدا کے پاس ہے(پیدایش 1 اور 2 ابواب؛ کلسیوں 1باب 16 آیت )، اور کسی صورت بھی کسی بھی شخص کو خالق اور مخلوق کے درمیان اِس واضح لکیر کو مٹانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ ڈبلیو ایف تھیولوجی کا پرچار کرنے والے اُستاد اکثر عبرانیوں 11 باب 1 آیت کا حوالہ دیتے ہیں جہاں پر مرقوم ہے کہ “اب ایمان اُمید کہ ہوئی چیزوں کا اعتماد ۔۔۔ہے” یہاں پر اُردولفظ اعتماد کے لئے انگریزی لفظ سبسٹینس استعمال ہوا ہے جس کو یہ لوگ کسی مادی شے کے طور پر پیش کرتے ہیں حالانکہ اِس کے معنی یقین دہانی یا ضمانت کے ہیں۔ تو اصل میں اِس کا مطلب یہ ہوا کہ ایمان دراصل ایمانداروں کو امید کی ہوئی چیزوں کی یقین دہانی کرواتا یا ضمانت دیتا ہے۔ اور اگر اِس آیت کا سیاق و سباق کیساتھ مطالعہ کیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ اُمید کی ہوئی چیزیں دراصل مسیح کی آمد(عبرانیوں 10 باب 36تا37 آیات)، اور نجات ہے۔(عبرانیوں 10 باب 38تا 39 آیات)
چھوٹےخداؤں کا عقیدہ : جب بائبل مقُدس یہ بیان کرتی ہےکہ خدا نے انسان کو اپنی صورت پر اپنی شبیہ کی مانند تخلیق کیا ( پیدایش 1باب26اور 27 آیات) تو اس سے مراد یہ ہے کہ بطور انسان ہم میں یہ روحانی اہلیت ہے کہ ہم یسوع مسیح کے کفارے کے وسیلے سے خدا کوشخصی طور پر جان سکیں۔اِن آیات کا کسی صورت بھی یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم خُدا جیسے چھوٹے درجے کے خُدا ہیں۔ کلامِ مقُدس ہمیں سکھاتا ہے کہ خُدا صرف ایک ہے۔( خروج20باب3آیت؛ یسعیاہ44باب8آیت؛ 50زبور1آیت؛ رومیوں16باب27آیت ؛ افسیوں4باب6آیت)
الہیٰ مکاشفاتی علم: عبرانیوں1باب1اور2آیات بیان کرتی ہیں کہ اِس زمانے کے آخر میں خُدا نے ہم سے اپنے بیٹے کی معرفت کلام کر کے جو کچھ بھی اپنی ذات، کردار اور منصوبوں کے بارے میں بتانا تھاوہ سب بتا دیا ہے۔ ایسے کئی ایک جھوٹے مسلک ہیں جن کی بنیاد کسی ایک شخص نے یہ کہہ کر رکھی کہ خُدا نے اُس سے براہِ راست کلام کیا ہے، مورمن ازم اِس کی ایک واضح مثال ہےجسکا آغاز بالکل اِسی انداز سے ہوا۔بائبل مقُدس کے علاوہ خُدا کی طرف سے اضافی مکاشفات ملنے کا دعویٰ کرنا انتہائی خطرنا ک بات ہے۔
نبوّت: یہ بات قدرے افسوناک ہےکہ بائبل مقُدس کے مطابق جھوٹے نبی اور اُستادکی جو خصوصیات بیان کی گئی ہیں وہ تمام خصوصیات بینی ہِن کی ذات میں پائی جاتی ہیں۔(یرمیاہ 23باب14آیت؛ استثنا18باب21تا22آیات )بینی ہِن نے بہت سی نبوّتیں کی ہیں لیکن اُن میں سے کوئی بھی ایسی نبوّت کبھی پوری نہیں ہوئی جس کی کسی طور پر تصدیق کی جا سکے۔
جسمانی شفاء: جسمانی شفاء کا احساس ہم سب کے دِلوں کو ایکدم سے چھوتا ہے۔ہوسکتا ہےکہ ہمیں کسی نہ کسی بیماری سے شفا کی ضرورت ہو(یا پھر زندگی میں کبھی ضرورت پڑ سکتی ہے)، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ہمارے کسی عزیز کو کسی بیماری سے شفا کی ضرورت ہو۔لیکن یہاں ہمیں یہ انتہائی اہم بات جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ ہر انسان کی مکمل جسمانی شفا کے لئے ہمیشہ ہی خُدا کی مرضی ہو۔ بائبل کے ریکارڈ سے ہمیں یہ پتا چلتا ہے کہ بہت سارے ایسے لوگ جو خُدا سے محبت کرتے تھے اور اُسکی خدمت کرتے تھے جسمانی لحاظ سے مکمل طور پر صحت مند نہیں تھے۔ موسیٰ (خروج 4 باب 11 آیت)، ایوب، الیشع (2 سلاطین 13 باب 14 آیت)، تیمتھیس (1 تیمتھیس 5باب 23 آیت)، اور پولس رسول (گلتیوں 4 باب 13 تا 14 آیات)اِس کی چند ایک مثالیں ہیں۔ مُصنف اِس بات پر مکمل ایمان رکھتا ہے کہ خُدا آج بھی شفا دیتا ہے اور وہ کبھی بھی کسی بھی شخص کو شفا دینے پر قادر ہے۔لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ یہ خُدا کی مرضی ہو کہ گناہ کی بدولت لعنت زدہ اِس دُنیا میں ہر ایک کو مکمل جسمانی شفا ملے۔ اِس لئے ہمیں جسمانی سے زیادہ رُوحانی صحتمندی پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔
یسوع مسیح کے کفارے کے حوالے بینی ہِن نے یسعیاہ 53باب5آیت کے بنیادی نکتے کو نظر انداز کیا ہے۔ اس حوالے کے ابتدائی حصے میں جسمانی شفا کا ذکر نہیں کیا گیا بلکہ اس میں روحانی شفاء یعنی گناہوں سے شفاء کا ذکر کیا گیا ہے ۔ یہاں پر دو الفاظ “خطا” اور “بدکرداری” قابل غور ہیں۔ تو پھر جب بینی ہِن اور دیگر ڈبلیوایف موومنٹ کا پرچار کرنے والے لوگ یہ تعلیم دیتے ہیں کہ یسوع کے صلیبی کفارے میں ہماری جسمانی بیماریوں کی قیمت بھی ادا کر دی گئی ہے تو کیا اُنکی یہ تعلیم درست ہے؟ حقیقت میں جی ہاں!یہ بات درست ہے ۔بیماریاں اصل میں گناہ کی بدولت لعنت زدہ دُنیا میں جینے کا نتیجہ ہیں۔ اِس لئےجب یسوع نے گناہ کا کفارہ ادا کیا تو اُس نے گناہ کے تمام اثرات کا کفارہ بھی ادا کیاجن میں بیماریاں بھی شامل ہیں۔ اب یہاں پر بینی ہِن اور اکثر دیگر لوگ غلطی کرتے ہین٫ ہمارے ساتھ یہ وعدہ نہیں کیا گیا کہ ہم آسمان کے اِس طرف یعنی گناہ سے متاثرہ دُنیا میں ہی کفارے اور نجاتے کے تمام فوائد سے مکمل طور پر مستفید ہو سکیں گے اور مکمل جسمانی شفاء بھی اُنہیں فوائد میں سے ایک ہے۔ ہم کلامِ مقُدس سے سیکھتے ہیں کہ یسوع کے کفارے کی بدولت ایمانداروں کو ایک جلالی جسم عطا کیا جائے گا لیکن ایسا مرُدوں میں سے دوبار جی اُٹھنے کے بعد ہی ہوگا۔(1 کرنتھیوں 15 باب 42 تا 44 آیات)۔ تکنیکی لحاظ سے ڈبلیو ایف موومنٹ کے قائدین و پیروکار آسمانی بادشاہت کےاثرات اور فوائد کو اِس زندگی میں جبراً وصول کرنے کی غلطی کرتے ہیں۔
اقتباسات و کتابیات
- Benny Hinn, Good Morning Holy Spirit (Nashville: Thomas Nelson Publishers, 1990), 28.
- Benny Hinn, The PTL Family Devotional (PTL Network, 1981) as cited in Richard Fisher and Kurt Goedelman, The Confusing Word of Benny Hinn (Kearney, NE: Morris Publishers, 2001), 42.
- Benny Hinn, ―Benny Hinn Testimony‖ audiotape (St. Louis: Grace World Outreach, March 4, 1983).
- Hinn, Good Morning Holy Spirit, 27-32.
- Benny Hinn, The Anointing (Nashville, TN: Thomas Nelson Publishers, 1991), 52.
- Stanley M. Burgess and Eduard Van Der Maas, eds., The New International Dictionary of Pentecostal and Charismatic Movements, Revised and Expanded Edition (Grand Rapids, MI: Zondervan, 2002), 826.
- Benny Hinn,―Benny Hinn Miracle Crusade‖ (Honolulu, HI, 1997, 28 February) and Hinn, This Is Your Day (Television broadcast, June 11, 1997).
- Hinn, Good Morning Holy Spirit, 56.
- Ibid., 42.
- Do You Believe in Miracles?, Produced by Oleh Rumak. Toronto, Canada: Canadian Broadcasting Corporation, 2004.
- Ibid.
- A Call for Discernment, disc 2 ―Mangled Manifestations,‖ Produced by Justin Peters. Vicksburg, MS: Justin Peters Productions, 2009.
- Rumak, Do You Believe in Miracles?, CBC, 2004. This documentary followed up with five people who Hinn claimed to be healed at recent crusades and none of the five were, in fact, healed. One woman got worse and another died soon afterwards of the cancer from which she had supposedly just been healed.
- Justin Peters, A Call for Discernment, disc 2 ―The Hurt of Healing,‖ (Justin Peters Ministries, 2009). It is important to note the difference between a psycho-somatic healing and an organic healing. The former is actually quite common.
- See Watchman Fellowship‘s Profile on the Word-Faith Movement by Rob Bowman.
- The SDJ doctrine was first clearly articulated by Essek W. Kenyon who many believe to be the grandfather of the modern Word of Faith movement. See E.W. Kenyon, What Happened from the Cross to the Throne (Lynnwood, WA: Kenyon‘s Gospel Publishing Society, 1969). All of the modern WF preachers hold to this doctrine to one degree or another.
- Benny Hinn, ―Benny Hinn‖ program on TBN (December 15, 1990).
- Charles Capps, a leading WF proponent writes, ―Some think that God made the earth out of nothing, but He didn‘t. He made it out of something. The substance God used was faith…He used His words as a carrier of that faith.‖ Capps, Authority in Three Worlds (Tulsa, OK: Harrison House, 1982), 24.
- Benny Hinn, ―Praise the Lord‖ program on TBN (1989, 1 June).
- Hinn makes this statement on a video clip, reproduced on Peters, A Call for Discernment, disc 1 ―Dangerous Doctrines.‖
- Many of the faith preachers such as Kenneth Copeland، Kenneth Hagin and Creflo teach this doctrine. For more information, see Robert Bowman, The Word-Faith Controversy (Grand Rapids, MN: Baker Books, 2001) chapter 9.
- See: Justin Peters, An Examination and Critique of the Life, Ministry and Theology of Healing Evangelist Benny Hinn. Master‘s thesis submitted to the faculty of Southwestern Baptist Theological Seminary in partial fulfillment of the requirements of a Master‘s of Theology degree. December 2002, 20-23.
- Peters, A Call for Discernment, disc 2 ―Mangled Manifestations.‖
- Benny Hinn, ―Praise the Lord‖ program on TBN (December 27, 1994).
- Benny Hinn, sermon ―A New Spirit‖ delivered to the Orlando Christian Center, aired on TBN (1990, 13 October).
- It is noteworthy that while Hinn claims that God shows him people with specific diseases such as cancer, heart disease, fibromyalgia, etc. being healed, God never gives him the individual’s specific names or hometowns.
- Steve McGonigle, ―Whatever happened to Hinn’s promised healing center?,‖ The Dallas Morning News, June 23, 2002.
- Benny Hinn, ―Praise the Lord‖ show on TBN (1999, 19 October).
- Peters, An Examination and Critique of the Life, Ministry and Theology of Healing Evangelist Benny Hinn, 40.
- Ibid., 36-38. Audio clip on file. May be heard on Peters, A Call for Discernment, disc 2 ―Mangled Manifestations.‖
- Benny Hinn, Rise and Be Healed, 32.
- Benny Hinn, Miracle Crusade in Singapore, 2007, clip on file.
- Hinn, Rise and Be Healed, 47.
- Peters, A Call for Discernment, disc 3 ―The Hurt of Healing.‖